اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے مذہبی امورمیں سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے اضافی ٹیکس عائد کرنے کی وجہ سے حج2020 مزید مہنگا ہونے کا امکان ہے ۔
جس کی بڑی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور سعودی حکومت کی جانب سے حج ٹیکس میں اضافہ ہے۔ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے مذہبی امورکا اجلاس کنونیئر حافظ عبد الکریم کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میںمنعقد ہوا۔اجلا س میں سیکرٹری مذہبی امورمشتاق احمد نے قائمہ کمیٹی کو حج 2020 کی مجوزہ پالیسی اور انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حج 2020 کے اخراجات گذشتہ برس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے جس کی سب سے بڑی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور سعودی حکومت کی جانب سے حج ٹیکس میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال حج اخراجات میں 60 ہزار روپے اضافہ ہونے کا امکان ہے جس کے تحت آئندہ سال سرکاری سکیم کے تحت حج اخراجات 4 لاکھ 89 ہزار روپے متوقع ہیںجبکہ سال 2019میں حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔اراکین کمیٹی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے عائد کئے گئے ٹیکسز کیوجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہورہا ہے سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو ریال سے 2650 ریال کردئیے ہیں۔