لاہور( این این آئی)پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ( بدھ) سہ پہر تین بجے شروع ہوگا ، پروڈکشن آرڈر کا اجراء ہونے پر قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کو بھی اجلاس میں شرکت کیلئے جیل سے پنجاب اسمبلی لایا جائے گا ۔بتایا گیا ہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ۔سکیورٹی انتظامت کے سلسلہ میں اسمبلی اطراف سے گزرنے والی شاہراہیں عام ٹریفک کے لئے بند رہیں گی جبکہ قریبی عمارتوں پرسنائپرز تعینات ہوں گے۔ اجلاس سے قبل تمام
جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس ہوں گے جس میں رواں سیشن کیلئے حکمت عملی طے کی جائے گی۔ بزنس ایڈ وائزری کمیٹی کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ایوان کی کارروائی چلانے کیلئے بات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اجلاس میں پی آئی سی واقعہ پر احتجاج کیا جائے جبکہ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر ایوان کو آگاہ کرنے کیلئے تیاری کی گئی ہے ۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے رواں سیشن میں اہم قانون سازی بھی کی جائے گی ۔