اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے معاون خصوصی شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہزاد اکبر نے ایک بارپھر سرکاری خرچ پر جھوٹ بولا،شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں جھوٹے کاغذ لہراتے لیکن پارلیمان میں جواب اور عدالت میں ثبوت سے بھاگ جاتے ہیں۔
جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شہزاد اکبر کی کارکردگی کا پول آج پارلیمنٹ میں حکومتی جواب سے کھل چکا ہے، پندرہ ماہ میں صفر برآمدگی ایسٹ ریکوری یونٹ کے جھوٹ کا پکا ثبوت ہے،عمران خان کنٹینر پر اور شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں انہوں نے کہاکہ پی آئی ڈی میں ہلکان ہونے کے بجائے شہبازشریف کے خلاف ثبوت عدالت میں پیش کریں،شہزاد اکبر سیاسی انتقام کا ”ہامون جادوگر“ ہے،نالائق حکومت کے ”ہامون جادوگر“ اور ”بل بتوڑیاں“ صرف جھوٹ بولنے کی تنخواہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں جواب نہیں، عدالت میں ثبوت نہیں اور پی آئی ڈی میں سراسر جھوٹ،شہزاد اکبر کا جھوٹ قوم جان چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری خرچ پر جھوٹ بولنے اور جھوٹے کاغذ لہرانے سے قوم کودھوکہ نہیں دیاجاسکتا،شہزاد اکبر شہبازشریف کے خلاف الزامات کاثبوت دنیا کی کسی عدالت میں دے دیں؟۔ انہوں نے کہاکہ ایسٹ ریکوری کے ڈرامے پر آنے والا تمام خرچ شہزاد اکبر سے وصول کیاجائے،جھوٹ بولنے اور جھوٹے کاغذ لہرانے سے آپ جھوٹے ہی رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 200 ارب، 300 ارب اور 600 ارب کے جھوٹ کی ہانڈی بیچ چوراہے میں کب کی پھوٹ چکی ہے،کنٹینر پر جو جھوٹ بولے گئے، ان کا ثبوت کسی عدالت میں نہیں پیش نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ایسٹ ریکوری یونٹ علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور فیصل واڈا کی ناجائز جائیدادوں کی رقم واپس لے۔