اسلام آباد(آن لائن) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے کارکردگی بہتر بنانے کے لئے حکومت سے نیب طرز کی تنخواہوں اور مراعات کامطالبہ کردیا ہے،ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کو مالی مسائل سے آگاہ کیا تھا،جس کے
نتیجے میں وزارت داخلہ نے تنخواہیں و مراعات نیب کے مساوی کرنے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کردی ہے۔ جس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے کارکردگی بہتر بنانے اور تفتیش کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے حکومت سے نیب کی طرز پر تنخواہیں اورمالی مراعات مانگ لی ہیں۔سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے وزیراعظم عمران خان کو سمری ارسال کی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ایف آئی اے ملازمین کی تنخواہیں نیب کی طرز پر بڑھائی جائیں۔سمری میں کہا گیا ہے کہ افسران کا انوسٹی گیشن الاؤنس بنیادی تنخواہ کا60فیصد کے برابر،یوٹیلٹی الاؤنس بنیادی تنخواہ کا 25فیصد،فکسڈ ڈیلی الاؤنس 20 روز ماہانہ کے برابر جبکہ ہاؤس رینٹ کی کٹوتی میں5فیصد رعایت دی جائے۔ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کو مالی مسائل سے آگاہ کیا تھا انکا کہنا تھا کہ قابل اور ایماندار افسران کی تنخواہیں اور مراعات ناموافق ہیں،بہترین نتائج کے حصول کے لئے نیب کے مساوی تنخواہیں اور مراعات ناگزیر ہیں۔