لاہور( این این آئی)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہونے والا جھگڑا طول پکڑ گیا ، لاہور بار کی جانب سے مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے کل پیر تک کی ڈیڈ لائن کے بعد پنجاب بار کونسل نے بھی ہڑتال کی کال دیدی جبکہ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے بھی مقدمے سے دہشتگردی کی دفعات ختم نہ ہونے کی صورت میں پیر کے روز سے صوبے بھر میں احتجاج کا عندیہ دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے عملے اور وکلاء میں جھگڑے کا معاملہ سلجھنے کی بجائے مزید الجھ گیا ہے اور فریقین احتجاج کے ساتھ اپنے اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں ۔ لاہور بار کے صدر کی جانب سےکل پیر کے روز تک گرفتاری کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے انتہائی اقدام کی دھمکی دی گئی ہے ۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل نے بھی کل پیر کے روز صوبہ بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ لاہور ہائیکورٹ میں ڈاکٹروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے درخواست پر سماعت کل ہو گی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فاضل عدالت نے ڈاکٹروں کے احتجاج اور ہڑتال پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود پی آئی سی میں ہڑتال کی جارہی ہے ۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے آئوٹ ڈور میں ہڑتال کے ساتھ احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر مقدمے سے دہشتگردی کی دفعات ختم نہ کی گئی توکل پیر کے روز سے صوبہ بھر میں احتجاج کیا جائے گا ۔