اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے الزام لگایا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی قیادت غیر ملکی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہوگی تو پارٹی کیسے چلے گی؟۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ 2011 میں وزیراعظم عمران خان کو فنڈنگ کے معاملے پر خط لکھا گیا
اور 2013 کے انتخابات کے دوران فنڈنگ پر تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن تحقیقات کے بجائے آڈٹ کرایا گیا۔انہوںنے کہاکہ میں نے الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے ثبوت بھی پیش کیے جن میں امریکی وزارت قانون کی طرف سے فراہم کردہ شواہد بھی شامل تھے۔اکبر ایس بابر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دستخط سے امریکہ میں دو کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جن کی نشاندہی بہت پہلے کر دی تھی تاہم اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔پارٹی رکنیت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ میں آج بھی پارٹی کا رکن ہوں، مجھے پارٹی سے نکالنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ میرا مقصد پاکستان تحریک انصاف کو ختم کرنے کا کبھی بھی نہیں رہا اور نہ ابھی ہے، میرا مقصد پاکستان تحریک انصاف کو ایک ادارہ بنانے کا ہے۔ پارٹی جن اصولوں کی بنیاد پر آئی ہے انہیں ساتھ لے کر چلے، میں پی ٹی آئی کو گرانے نہیں بلکہ بنناے والوں میں شامل ہوں۔