ننکانہ صاحب(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر)اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اب کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ سابق حکمرانوں نے قوم کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیاقوم نے ہمیشہ کرپشن کے خاتمہ کا مینڈیٹ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے اختلافات کی افواہیں پھیلانے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔
ایسے لوگوں کے خواب چکنا چور ہونگے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کر کے نئی نسل کے مستقبل کو تابناک بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت کیلئے دن رات کوشاں ہے ہمارا کرپشن کرنے والوں کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ۔ہم سب مل کر اس ملک کو مسائل کرپشن اور مہنگائی سے پاک کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کاملک سے باہر جانا کسی کی ہار جیت نہیں ہے۔