لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے دوران حمزہ شہباز اور فاضل جج کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔ گزشتہ روز لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے دوران حمزہ شہباز اور فاضل جج کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ فاضل جج نے کہا حمزہ شہباز آپ یہاں پریس کانفرنس کرنے نہیں آتے یہ کمرہ عدالت ہے، جس پر حمزہ شہباز نے فاضل جج کو جواب دیا کہ میں ان کارکنوں کو ساتھ لے کر نہیں آیا۔
فاضل جج نے کہا کہ عدالت کی کاروائی متاثر ہوتی ہے، آپ کارکنوں سے باہر ملاقات کیا کریں۔ بعد ازاں حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران میاں نواز شریف کی بیماری کے ساتھ بھی کھلواڑ کررہے ہیں،یہ دن ان پر بھی آ سکتے ہیں،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تین مرتبہ ملک کے منتخب وزیر اعظم رہنے، ایٹمی پاکستان بنانے،ملک کو اندھیروں سے نکالنے، قوم کو سی پیک کا تحفہ دینے اور 11ہزار سے زائد میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے کے ساتھ جعلی حکمرانوں کا ناروا سلوک ان کی جان لے سکتا ہے اور اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ داری سلیکٹڈ نیازی پر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گزرتے دنوں کے ساتھ نواز شریف کی صحت بگڑ رہی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کو جتنی جلد بیرون ملک منتقل کیا جائے گا، اتنا ہی ان کے علاج کے لیے بہتر ہے۔لیکن حکمران جان بوجھ کر لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں، بیرون ملک ڈاکٹرز کا سب سے اولین چیلنج نواز شریف کے مرض کی درست تشخیص اور پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجہ جاننا ہے، امید ہے کہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک لیجانے کے لئے ائیر ایمبولینس آج لاہور پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور ہر پیشی پر پہنچتے ہیں، ہم نے کبھی عدالتوں کی توہین کا سوچا بھی نہیں۔یہ موجودہ حکمرانوں کا وطیرہ ہے جو عدالتی فیصلے کے باوجود ابھی تک سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا ای سی ایل سے نام نہیں نکال سکی،ایک بیمار شخص کے ساتھ ان جعلی حکمرانوں کا رویہ قابل تشویش ہے۔ حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔احتساب عدالت سے واپسی پر لیگی وکلا ء اور کارکنوں کی شدید دھکم پیل کی وجہ سے بد نظمی پیدا ہوئی اور ایک موقع پر وکلا اور پولیس اہلکاروں میں جھگڑا بھی ہو گیا۔