اسلام آباد(آن لائن)پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم نے کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کیا، دھرنے میں کامیابی ملی تو مولانا فضل الرحمان اکیلے سمیٹیں گے جبکہ ناکامی تمام اپوزیشن کے کھاتے میں ڈال دی جائے گی۔ مذاکرات سے معاملہ حل ہونے کا امکان نہیں۔ ہم سب ملکی مفاد میں اکٹھے ہیں لیکن ہمیں تحفظات ہیں کہ فیصلے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ہونے چاہیں۔ پیر کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمیں تحفظات ہیں جو بھی فیصلہ ہواپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو کرنا چاہیے۔ تحریکیں اچانک نہیں
چلا کرتیں ہم حکومت کے خلاف ملکی مفادمیں اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک ہے۔ انہوں نے اس کا اعلان کیا۔ ہم نے کسی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا۔ اگر تمام اپوزیشن جماعتوں کی قیادت شرکت کرے گی تو بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہونگے۔ ہم مولانا فضل الرحمان کی تحریک کی حمایت کررہے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ معاملہ مذاکرات سے حل نہیں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کا اعلان کیا کامیاب ہوتے ہیں تو مولانا کی کامیابی تصور ہوگی جبکہ ناکامی کی صورت میں اپوزیشن جماعتوں کی ناکامی ہوگی۔