لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی شاہی جوڑا شہزاد ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا طیارہ لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا لیکن کچھ دیر بعد اسلام آباد سے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا، اسلام آباد میں موسم ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے طیارہ واپس لاہور لینڈ کر گیا ہے،
اس موقع پر لاہور ائیرپورٹ کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کرنے کے ساتھ وی آئی پی لاؤنج بھی کھول دیا گیا۔واضح رہے کہ بر طانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن لاہور پہنچے تو ان کا ریڈ کارپٹڈ استقبال کیا گیا۔برطانوی شاہی جوڑے کا لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلی عثمان بزدار نے استقبال کیا،اس موقع پر ننھے بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی جوڑے کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان ترقی اورخوشحالی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کرچل رہے ہیں۔برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور میں موجودگی کی وجہ سے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے۔ پنجاب پولیس کے 7ہزار اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات تھے جبکہ شاہی مہمانوں کے روٹس پر قائم عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کوبھی تعینات کیا گیا۔ شاہی جوڑے کی نقل و حرکت کے دوران شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لئے مکمل بند رکھا گیا۔خیال رہے کہ یہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے تاہم شاہی خاندان کے دیگر افراد ماضی میں اسلام آباد کا دورہ کرچکے ہیں۔