اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخل ہونے کی نئی تاریخ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 31 اکتوبر سے قبل اسلام آباد میں داخل نہ ہوں، کارکنوں کو نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنان کو پرامن طور پر 27 اکتوبر کو اسلام آباد کا رخ کرنے کی ہدایت کردی۔مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں پارٹی رہنماؤں کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سینیٹر مولانا عطاء الرحمان،علامہ راشد سومرو، مولانا سعید یوسف اور عبداللہ خیلجی شریک تھے۔
اجلاس میں سینیٹر طلحٰہ محمود، ایم این اے آغا محمود شاہ، ایم این اے مفتی عبدالشکور، ڈاکٹر عتیق الرحمن اور پیر مدثر تونسوی بھی شریک تھے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے اجلاس کے دوران شرکاء کو ہدایت دی کہ آزادی مارچ کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دیں۔انہوں نے کہا کہ کارکنان کسی بھی منفی پروپیگنڈہ کا حصہ نہ بنیں اور اپنی تیاریوں کو تیز کریں۔اجلاس میں آزادی مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں کو بلاوجہ پولیس کی جانب سے تنگ کرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں آزادی مارچ کے مقام ڈی چوک کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔