لاہور(این این آئی)معروف پاکستانی اداکارہ وینا ملک اور سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے پر طنز کے نشتر چلائے۔ہربھجن سنگھ نے وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کیے گئے خطاب پر تنقید کی۔
ہربھجن نے لکھا کہ عمران خان کی تقریر میں استعمال کئے گئے الفاظ بلڈ باتھ اور آخری سانس تک لڑیں گے دونوں ممالک میں نفرت کو بڑھاوے کا باعث بنیں گے۔سابق کرکٹر نے لکھا کہ بطور سپورٹس مین عمران خان سے امن کی بات کی توقع رکھتا تھا۔اس پر وینا ملک میدان میں آئیں اور ہربھجن کو طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں امن کے بارے میں بھی بات کی تھی، وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں اس حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے جو مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھنے کے بعد عیاں ہوگی۔اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے جاری جارحیت کوئی خوف نہیں بلکہ ایک خطرہ ہے اور اس سب کے بعد انہوں نے طنزیہ انداز میں بھارتی کرکٹر سے سوال کیا کہ کیا آپ کو انگریزی سمجھ نہیں آتی؟۔وینا کے جانب سے بیان کی گئی اس چبھتی سچائی کا ہربھجن سے کوئی جواب نہ بن پڑا تو انہوں نے اداکارہ کی ٹویٹ کے ٹائپو کی نشاندہی پر ہی اکتفا کرلیا۔ٹائیپو کی نشاندہی کرکے ہربھجن نے لکھا کہ غصہ نہ کریں اور انگریزی میں کچھ لکھنے سے قبل چیک ضرور کر لیا کریں۔