لاہور(پ ر) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ چولستان، تھل اور کوہ سلیمان سمیت دیگربجلی سے محروم پسماندہ علاقوں کو سولر انرجی سے روشن کیا جائے گا-پنجاب کے سینکڑوں گاؤں کومرحلہ وار سولر انرجی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی-
انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی سکیموں،زرعی ٹیوب ویلز اور سکولوں کوبھی بتدریج شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا -بہاولپور، رحیم یار خان، کوہ سلیمان، فورٹ منرو اور راجن پور میں ابتدائی طورپر سولر انرجی پراجیکٹ شروع کریں گے-انہوں نے کہا کہ انرجی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ”آف گرڈ سلوشن“ضروری ہے- آف گرڈ سلوشن کے ذریعے دور دراز دیہات میں گھر روشن کریں گے- آف گرڈ سلوشن کے ذریعے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ حکومت کے لئے اربوں روپے کی بچت ہوگی- کوڑاکرکٹ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لیا جا رہاہے-وزیراعلیٰ کی زیر صدارت آج وزیراعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آف گرڈ سلوشن کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لیا گیا- صوبائی وزیرتوانائی ڈاکٹر اخترملک، صوبائی وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت،ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی، سیکرٹریز انرجی، فنانس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ او ر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔