اسلام آباد (آن لائن) کارکے رینٹل پاور ریفرنس میں نیب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے شریک ملزم انور بروہی نے نیب سے پلی بارگین کر لی۔ 85لاکھ روپے 55 ہزار روپے واپس کر دیے۔ چیئرمین نیب نے پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔احتساب عدالت کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ کارکے رینٹل پاور ریفرنس میں نامزد ملزم سابق سی ای او لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی انور بروہی نے نیب کے ساتھ 85 لاکھ 55 ہزار روپے میں پلی بارگین کر لی۔ نیب حکام کی جانب سے احتساب عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ چیئرمین نیب
نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔ جس کے بعد ملزم سے پلی بارگین کی رقم وصول کر لی گئی ہے۔ نیب کے مطابق کارکے کمپنی نے 2009میں لاکھڑا پاور جنریشن کے ساتھ پاکستان میں معاہدہ کیا تھا مگر بے ضابطگیاں سامنے آنے پر معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ معاہدہ پورا نہ ہونے پر ترکی کی کمپنی نے بین الاقوامی ٹریبونل سے رابطہ کیا اور پاکستان کو بھاری جرمانہ عائد ہوا۔ پاکستان نے بین الاقوامی ٹریبونل کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔