اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل آفیسر اے سی تجویز کریں تو زرداری کو اے سی کی اجازت دی جائے، ڈاکٹر کہیں اے سی ضروری ہے تو اے سی لگایا جائے۔ جمعہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت جج محمد بشیر نے کی۔
وکیل نے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود آصف زرداری کو اے سی کی سہولت نہیں دی گئی۔ عدالت نے نمائندہ جیل سے استفسار کیا کہ بیٹر کلاس کے ملزم کو اے سی کی سہولت دی جاتی ہے تو کیوں نہیں دے رہے۔ نمائندہ جیل عدیل نے بتایاکہ نواز شریف کو میڈیکل گراؤنڈز پر اے سی کی سہولت فراہم کی گئی تھی، 29اگست کو اگر آصف زرداری کی طبیعت زیادہ خراب ہوتی تو ڈاکٹرز انہیں ہسپتال میں ایڈمٹ کر لیتے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز نے سابق صدر کو اے سی کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق کچھ نہیں لکھا۔ جج محمد بشیر نے کہاکہ اسے چھوڑ دیں، ہر کیس ایک نوعیت کا نہیں ہوتا، قانون جب اجازت دیتا ہے تو اے سی کیوں نہیں دے رہے؟ جج نے کہاکہ قانون کوئی ڈیکوریشن پیس نہیں کہ سجا کے رکھ دو،روایات پر نہیں بلکہ قانون پر عمل کریں۔ معاون وکیل نے کہاکہ آصف زرداری دل کے مریض ہیں، انہیں 6سے 7 سٹنٹ ڈلے ہوئے ہیں، کوئی بھیک نہیں مانگ رہے، عدالتی حکم کی تعمیل چاہتے ہیں۔ دلائل سننے کے بعد جج محمد بشیر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا بعد ازاں آصف زردای کو اے سی کی سہولت سے متعلق عدالت نے فیصلہ سنا تے ہوئے عدالت نے آصف زرداری کو اے سی کے لئے میڈیکل آفیسر سے رابطے کی ہدایت کی۔عدالت نے کہاکہ میڈیکل آفیسر اے سی تجویز کریں تو زرداری کو اے سی کی اجازت دی جائے، ڈاکٹر کہیں اے سی ضروری ہے تو اے سی لگایا جائے بعد ازاں عدالت نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔