لاہور(این این آئی) مشرق وسطی میں پاکستانی ڈاکٹرز کی برخاستگی کی خبروں کے بعد پنجاب حکومت متحرک ہو گئی، میڈیکل پوسٹ گریجوایشن پروگرام کی ٹریننگ کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پنجاب کے محکمہ اسپیلائزڈ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے میڈیکل ڈگریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ٹیکنیکل کمیٹی مختلف میڈیکل یونیورسٹیز کے پیشہ ورانہ اسٹرکچر اور مستقبل میں فائدے کے معاملے پر جانچ کرے گی۔
کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز کراچی کی ڈگری کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل کمیٹی میڈیکل ایجوکیشن میں جدت متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ٹریننگ اور تقرریوں پر بھی رپورٹ دے گی۔نئے نصاب اور امتحانات کے طریقے کار پر بھی ٹیکنیکل کمیٹی جامع رپورٹ تیار کرے گی۔چار رکنی کمیٹی میں چلڈرن اسپتال کے ڈین، علامہ اقبال میڈیکل یونیورسٹی کے پرنسپل اور محکمہ سپیلائزڈ کے ڈپٹی سیکرٹری شامل ہیں۔کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی تجاویز محکمے کو جمع کروائے گی۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں خبریں آئی تھیں کہ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک نے پاکستان کیدہائیوں پرانے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ڈگری پروگرام مسترد کردیا ہے۔ماسٹر آف سرجری اور ماسٹر آف میڈیسن کی ڈگری کے حامل کئی قابل ڈاکٹرز سعودی عرب میں بے روز گار ہوگئے ہیں۔سعودی عرب میں قیام پذیر ڈاکٹرز کا کہناہے کہ انہیں واپس جانے یا ملک بدری کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیاگیاہے۔متاثر ہونے والے بیشتر ڈاکٹرز کو سعودی وزارت صحت نے 2016 میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں انٹرویوز کے بعد تعینات کیا تھا۔ذرائع کا کہناہے کہ سعودی عرب کے بعد قطر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی پاکستان کی پوسٹ گریجویٹ ڈگری کو مسترد کردیا ہے۔ مشرق وسطی میں پاکستانی ڈاکٹرز کی برخاستگی کی خبروں کے بعد پنجاب حکومت متحرک ہو گئی، میڈیکل پوسٹ گریجوایشن پروگرام کی ٹریننگ کا از سر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔