اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں پاک-بھارت بس سروس معطل کردی۔اس بات کی تصدیق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے کی۔مراد سعید نے ٹوئٹ میں لکھا کہ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے فیصلے کی روشنی میں پاک-بھارت بس سروس کو معطل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس کو
بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، یہ ٹرین ہفتے میں 2 دن چلتی تھی، اب سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیاں عید کی چھٹیوں پر دیگر ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔علاوہ ازیں شیخ رشید احمد نے 9 اگست کو بھی ایک پریس کانفرنس میں کھوکھرا پار اور موناباؤ کے درمیان چلنے والی ‘تھر ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں وزیر ریلوے کے عہدے پر ہوں سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس نہیں چلیں گی۔