کراچی (آن لائن) سندھ اسمبلی میں تحریک لبیک پاکستان کے پارلیمانی لیڈر مفتی قاسم فخری نے اسمبلی کے اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر میں فوج بھیجنے کا مطالبہ کردیا، سندھ اسمبلی میں اجلاس کے دوران مفتی قاسم فخری نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، بھارت نے ہماری شہہ رگ پر حملہ کیا ہے، کشمیری مسلمانوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں پاک فوج روانہ کی جائے،
جہاد نے پاکستانی قوم کو آزاد کشمیر لے کر دیا اور مسئلہ کشمیر پر 72 برسوں کے مذاکرات سے آج تک قوم کو کچھ حاصل نہیں ہوا، اس لیے چاہتے ہیں کشمیر کی آزادی کے لیے سرکاری سطح پر جہاد کا اعلان کیا جائے۔ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر سے متعلق صورتحال پر بحث کی گئی، اجلاس کے دوران تحریک لبیک پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری اور دیگر نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں قرارداد بھی پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ مفتی قاسم فخری نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کبھی بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں سے حل نہیں ہوسکتا، کشمیر کا مسئلہ صرف اور صرف جہاد کے ذریعے ہی حل ہوگا، انہوں نے واضح کیا کہ تحریک لبیک پاکستان کسی پرائیویٹ جہاد کی قائل نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جہاد فی سبیل اللہ کے ماٹو والی پاک فوج جہاد کرے، ٹی ایل پی کارکنان شانہ بشانہ پاک فوج کا ساتھ دیں گے، دعا ہے کہ جلد پاکستان میں جہاد کا سرکاری اعلان ہو اور ہم کو بھی جہاد میں حصہ لینا نصیب ہو۔ مفتی قاسم فخری نے مزید کہا کہ ”ریاستِ مدینہ“ کے نعرے لگانے والے سیاست دان خلفائے راشدین کی طرح جہاد کا بھی اعلان کریں، یہ کیسی ”ریاستِ مدینہ“ ہے جو جہاد ہی نہیں کرتی۔