راولپنڈی (این این آئی) کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے مکمل تیار ہے، پاک فوج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائیگی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں بھارت کے غیر آئینی قدم اور ایل اوسی صورت حال پر
غور کیا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے حکومت کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرنے کے فیصلے کی بھرپور تائید کی۔کور کمانڈرز نے کہاکہ پاکستان نے کبھی بھی جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 یا 35 Aکو تسلیم نہیں کیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ِ پاکستان آرمی کشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی تک اْ ن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آرمی اپنی اس ذمہ دار ی کو نبھانے کیلئے مکمل تیار ہے،پاک فوج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائے گی۔