اسلام آباد(سی پی پی)ماہر بین الاقوامی امور احمر بلال صوفی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کی راہ میں آئینی رکاوٹ تھا۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 بی جے پی کی انتخابی مہم کے بیانیے سے متصادم ہے، بی جے پی کی آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کی خواہش بہت پرانی ہے۔احمر بلال صوفی نے مزید کہا کہ پاکستان کو فوری اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست دینی چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری کی توجہ دلانا ہوگی کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔دوسری جانب دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئیر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کی آواز ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ایک طاقتور ردِ عمل کی صورت میں دنیا کو بتانا ہوگا کہ ہم بھارتی حکومت کے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے کے گھناونے عزائم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔