کراچی (این این آئی)سندھ پولیس نے ریڈ زون میں احتجاجی مظاہرہ کرنے پر تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب پر ارلی چائلڈ ایجوکیشن پروگرام کے اساتذہ جبری بر طرفی کے خلاف احتجاج کررہے تھے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی راجہ اظہر بھی ان سے اظہار یکجہتی کے لئے پریس کلب پہنچے۔
جہاں اساتذہ نے اپنے مطالبات کی عدم منظوری پر وزیراعلیٰ ہائوس کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس نے احتجاجی مظاہرین پر دھاوا بولتے ہوئے متعدد اساتذہ کو حراست میں لے لیا، اسی دوران پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے گرفتار اساتذہ کو زبردستی پولیس موبائل سے باہر نکال لیا۔جس پر پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کو گرفتار کرلیا ہے۔