اسلام آباد (این این آئی) افغان امن مرحلے میں تیزی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطے کے ممکنہ دورے کے پیش نظر امریکی وفد پیر کو اسلام آباد پہنچے گا۔واشنگٹن میں سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے جنوبی و وسطی ایشیا کیلئے معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز افغانستان اور باہمی تعلقات پر بات کرنے کے لیے اسلام آباد آرہی ہیں۔ذرائع کے مطابق 22 جولائی کو وزیر اعظم عمران کے وائٹ ہاؤس کے دورے کے دوران
امریکا اور پاکستان کی مشاورت کے پیش نظر امریکی وفد اسلام آباد کا دورہ کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ دوحہ مذاکرات کے دوران امریکا اور طالبان کے درمیان اگر معاہدہ ہوجاتا ہے تو صدر ٹرمپ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ستمبر میں افغانستان کا دورہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق اگر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان کا دورہ کریں گے تو پاکستان بھی امریکا سے تعلقات میں بہتری ثابت کرنے کے لیے انہیں اسلام آباد آنے پر زور دیگا۔