لاہور( این این آئی)منشیات برآمداگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان کی اہلیہ نبیلہ ثنا اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے نا معلوم نمبروں سے ٹیلیفون کالز کر کے داماد شہریار کو اغوا کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
ہمارے حلقے کے لوگوں کو رانا ثنا اللہ کے خلاف بیان دینے کے لئے دھمکایا جارہا ہے لیکن اللہ کے کرم سے ہمارے حلقے کے ہر گھر کا فرد رانا ثنا اللہ کے ساتھ کھڑا ہے ۔ اپنے ویڈیو بیان میں نبیلہ ثنا اللہ نے کہا کہ جس دن سے مریم نواز ہمارے گھر سے ہو کر آئی ہیں اس سے اگلے روز ہمارے حلقے کے لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور انہیں نوٹس بھیجے جارہے ہیں کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف بیان دیں ۔میرے شوہر اللہ کے سپرد ہیں اوراللہ کے کرم سے نہ کوئی غلط چیز تھی اور نہ ہو سکتی ہے،جب رانا ثنااللہ نے کچھ کیاہی نہیں تو پھر ثبوت کس چیز کے تلاش کئے جارہے ہیں ۔ رانا ثنا اللہ کے قریبی لوگوں کو نوٹس بھجوائے جارہے ہیں کہ آپ رانا ثنا اللہ کے ساتھ کاروبار کرتے تھے۔ ہمارا حلقے کے لوگوں سے احترا م ِ ، محبت اور عقیدت کا رشتہ ہے اور یہ مرتے دم تک بر قرار رہے گا۔ ہمیں دھمکایا جارہاہے کہ آپ فون پر بات نہ کریں ، نا معلوم نمبر سے فون کر کے کہتے ہیں کہ شہر یار کو اٹھا لیں گے ۔ میں شہر یار اور اپنے بچوں کے ساتھ کھڑی ہوں ،میں حسین کی طرح ڈٹ گئی ہوں ،اگر ایسا ویسا کوئی بھی عمل یا کام کیا تو میں عوام کو گواہ بنا کر کہہ رہی کہ عمران خان پر مقدمہ درج کروائوں گی، عمران خان تم میرے بچوں کو دھمکانا چھوڑ دو وگرنہ تمہیں ماں کی مامتا کی طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف والے آج بھی رانا ثنااللہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہیں سوائے ناکامی کے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام لوگ رانا ثنا اللہ کے لئے دعا کریں انہیں جیل میں بڑی اذیت میں رکھا گیا ہے ۔