فیصل آباد (نیوز ڈیسک) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے آج میٹرک کے رزلٹ کا اعلان کر دیا ہے، پوزیشن ہولڈرز کو انعامات تقسیم کرنے کی تقریب جھنگ روڈ پر واقع بورڈ کے آڈیٹورم میں منعقد ہوئی، اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین خان تھے،
اس موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، بچوں کے والدین، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اہم انتظامی افسران، سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے سرکردہ افراد، بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کی چیئرپرسن ڈاکٹر طیبہ شاہین،کنٹرولر امتحانات پروفیسر مسز شہناز علوی، سیکرٹری تعلیمی بورڈ خرم شہزاد اسلم، صحافیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، اس تقریب میں تحریک انصاف کے ایم پی اے عمر فاروق بھی شامل تھے جنہوں نے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے، پوزیشن ہولڈر بچوں کو انعامات دینے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ خود انڈر میٹرک ہیں، سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں وائرل ہے کہ ایک شخص خود انڈر میٹرک ہے تو وہ پوزیشن ہولڈر طالب علموں میں انعامات کیسے بانٹ سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمر فاروق میٹرک کے امتحانات میں غیر حاضر رہے تھے، سوشل میڈیا پر ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، یاد رہے کہ عمر فاروق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے کھیل بھی ہیں۔ امتحانات میں سائنس گروپ کیطلبہ و طالبات کی کامیابی کا تناسب 82.9فیصد، جنرل گروپ کیطلبہ و طالبات کی کامیابی کی شرح 66.18فیصدرہی، اس کے علاوہ مجموعی تناسب78.15فیصد رہا، میٹرک کے ان سالانہ امتحانات میں دسویں جماعت کے 158746 طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور ان میں 124064طلبہ و طالبات نے میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کی۔