لاہور (پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔باہمی ملاقات میں ترقیاتی عمل اور اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا وفاق کی علامت ہے اوریہ ایوان صوبائی اکائیوں کی موثر انداز میں آواز اٹھا تارہے گا تاکہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل جمہوریت میں پوشیدہ ہے اورجمہوری عمل کے تسلسل کیلئے ہم سب کو کردارادا کرنا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا صوبائی اکائیوں کی ترقی اورمعاشرے کے پسماندہ و طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھر پور کوشاں ہیں اوراس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔ ملکی ترقی کیلئے وفاق اورمختلف صوبوں کے مابین ہم آہنگی کی ضرورت ہے اورایوان بالا اس حوالے سے اپنا کلید ی کردارادا کرتا رہے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے منتخب نمائندوں کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی پر بھر پور اعتماد ہے اورہمیں قوی یقین ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت باہمی اتحاد و یگانگت کے فروغ کیلئے ملکی ترقی کے ایجنڈے پر عملدر آمد یقینی بنانے کا ہے نہ کہ تضادات کے ذریعے جمہوری عمل کو کمزور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صوبائی اکائیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور طورپر کوشاں ہیں اورصوبوں کے مابین ہم آہنگی کیلئے ان کا کردارکلیدی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے چیئرمین سینیٹ کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور سماجی ترقی کیلئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔