لاہور(این این آئی)سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ پنجاب کابینہ میں شامل کر لیا گیا، فیاض الحسن چوہان کو سبطین خان کے استعفے کے بعد خالی ہو نے والی وزارت جنگلات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہو ر میں منعقد ہوئی جہاں قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے فیاض الحسن چوہان سے وعہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار، کابینہ کے اراکین، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہندؤں سے متعلق متنازعہ بیان دینے پرقیادت نے 5مارچ کو فیاض الحسن چوہان سے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی وزارت کا قلمدان واپس لیکر سید صمصام بخاری کو ذمہ داری سونپ دی تھی۔ محکمہ جنگلات کا قلمدان صوبائی وزیر سبطین خان کی نیب میں گرفتاری کے بعد خالی ہواتھا جسکی ذمہ داری فیاض الحسن چوہان کوسونپی گئی ہے۔