کراچی(این این آئی)ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں کمی کا10سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،گزشتہ مالی سال پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 27فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اقتصادی صورتحال میں بے یقینی،صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں کم ہونے سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں کمی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ مالی سال کے دوران ملک میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 83 لاکھ 22 ہزار ٹن پٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں، جوگزشتہ مالی سال سے49 لاکھ 47 ہزار ٹن کم ہے،10 سال سے زائد عرصے کے بعدپٹرولیم مصنوعات کی
فروخت میں اتنی زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ کمی فرنس آئل کی فروخت میں دیکھی گئی، جو59 فیصد کمی سے30 لاکھ 19 ہزار ٹن رہ گئی، سال کے دوران 72 لاکھ 10 ہزارٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل فروخت ہوا جو پہلے سے20 فیصد کم ہے، مئی اور جون میں پٹرول کی فروخت میں 8فیصد تک کمی ریکارڈکی گئی تاہم سال کے دوران مجموعی طورپرپٹرول کی فروخت میں کمی یااضافہ نہیں ہوا، 12ماہ میں 73 لاکھ 72 ہزارٹن پٹرول فروخت ہوا، گزشتہ 10 سال اوسطاپیٹرول کی فروخت میں سالانہ18فیصداضافہ ہورہاتھا۔