لاہور(این این آئی) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری اسرار الحق بٹ نے کہا ہے کہ ائیرپورٹ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان سے ہمار اکوئی تعلق نہیں، مقتول زین میرے بھائی بابر بٹ کے قتل کیس میں نامزد تھا لیکن ہم اپنا مقدمہ عدالت میں لڑرہے ہیں۔ اپنے وضاحتی بیان میں اسرار الحق بٹ نے کہا ہے کہ مرنے والا بابر سہیل بٹ کے قتل کیس میں نامزد تھا۔بابر سہیل بٹ کے قتل کا کیس ہم عدالتوں میں لڑ رہے ہیں،واردات کے بعد گرفتار ہونے والے ملزموں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔واضح رہے کہ لاہور ایئر پورٹ پر فائرنگ کرکے 2 افراد کو
قتل کردیاگیا،ملزم گرفتار،نجی ٹی وی کے مطابق دونوں مقتولین عمرہ کر کے وطن واپس پہنچے تھے کہ فائرنگ کا نشانہ بن گئے، ملزم ٹیکسی میں سوار ہو کر ایئر پورٹ آیا تھا،ادھرپولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین پر بابر بٹ نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام تھا، لاہور ایئر پورٹ پر لاؤنج میں فائرنگ کے واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ایئر پورٹ پر گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔یاد رہے ڈیڑھ سال میں لاہور ایئرپورٹ پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی ہے۔