اسلام آباد(این این آئی)وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک پارٹ 2 کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیاجس کے مطابق 84فیصد بچے امتحانات میں کامیاب ہوئے ۔ منگل کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بٹن دبا کر نتائج کا اعلان کیا،87114 طلبا نے امتحانات میں حصہ لیا،84 فیصد بچے امتحانات میں کامیاب ہوئے،
سائنس گروپ میں راولپنڈی کے سید محمد عباس نے 1089 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی،زائرہ ناصر، لائبہ علی اور عمارہ سرور نے 1088 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی،ہیومینٹیز گروپ میں راولپنڈی کی فائزہ بی بی نے 1031 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی،راولپنڈی کی عائشہ خلیل نے 1015 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوزیشن لینے والوں میں ایک لڑکا اور باقی لڑکیاں ہیں،یہ خوش آئند بات ہے کہ ملک کی ترقی میں بچوں اور بچیوں کو برابر مواقع ملیں۔ انہوںنے کہاکہ فیڈرل بورڈ نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے، ہمارے نمایاں سرکاری ادارون میں یہ ایک اہم ادارہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیم کے میدان میں بہت سے چیلنجز ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بہت سے نصاب ایک وقت میں پڑھائے جا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہاکہ دو کروڑ سے زائد بچے ابھی بھی سکول نہیں جارہے ،یکساں نصاب تعلیم نہ ہونے سے پہلے ہم ایک قوم نہیں بن سکے ۔ انہوںنے کہاکہ یکساں نصاب تعلیم لانے کے لئے ہمیں کوششیں کرنا ہوں گی ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا نصاب تعلیم ایسا ہونا چاہئیے کہ ہر سطح پر کامیاب ہوسکیں۔