اسلام آباد (نیوز ڈیسک) رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر ردعمل کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں معروف صحافی سید طلعت حسین نے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر اپنے ٹوئٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”اے این ایف کے مطابق رانا ثناء اللہ کی ذاتی گاڑی سے منشیات برآمد ہوئی ہیں، منشیات کی مقدار کا تعین کیا جا رہا ہے،
آنے والے دنوں میں بھینس چوری، رسہ گیری وغیرہ کے مقدمات بھی بنیں گے۔ حکومت کی ہر بوتل میں سے شہد اور ن لیگ کی اکثر گاڑیوں میں سے کوکین اور چرس نکلے گی۔“ معروف صحافی نے انتہائی طنزیہ ٹوئٹ کرتے ہوئے پیش گوئی کی کہ ن لیگ کی اکثر گاڑیوں سے منشیات برآمد ہو گی۔ دوسری جانب ن لیگ کی جانب سے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر سمندری میں لیگی کارکن سڑکوں پر نکل آئے، لیگی کارکنوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی ہے، اے این ایف لاہور نے رانا ثناء اللہ کو گرفتار کر لیا ہے، اس سلسلے میں اے این ایف نے گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے، اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے منشیات برآمد ہوئی ہے،رانا ثناء اللہ کے خلاف ثبوت موجود ہیں، ترجمان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ترجمان نے مزید کہا کہ نارکوٹکس ایکٹ کے تحت ان پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا ابتدائی طبی معائنہ بھی کیا جا رہاہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کا کہناہے کہ کارروائی ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کہا گیا ہے کہ منشیات فروشوں کا تعلق رانا ثناء اللہ سے ہے اور اس کے علاوہ رانا ثناء اللہ پر کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرنے کے بھی الزامات ہیں۔