اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیرحسین بخاری نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے ہوتے کہا ہے کہ چھین رہا ہے اب عمران روٹی کپڑا اور مکان۔ ایک بیان میں نیر بخاری نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت نیب کی بیساکھی پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری کے خلاف نیا مقدمہ پرانی طوطا کہانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری جمہوریت دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو
کے عوامی کاروان کو نیب ہتھکنڈوں سے روکنا ناممکنات میں سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران عوام کو مشکلات میں مبتلا کریں اور بلاول بھٹو خاموش رہیں،بھٹوز کی روایت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ناجائز سلطنت بنی گالا کے نیچے غریبوں کو دو مرلے پر چھت بنانے کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کا ہر طبقہ نالائق حکومت سے نالا ں اور بیزار ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ جبر ظالم کے خلاف کلمہ حق ہے۔