لاہور(این این آئی)رواں سال کے 11ماہ میں تجارتی خسارے میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں سال کے 11ماہ میں تجارتی خسارے میں 13.6فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تجارتی خسارے کا حجم 29 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں خسارے کا حجم 33 ارب 81 کروڑ ڈالر تھا۔رپورٹ کے مطابق رواں سال کے11ماہ کے دوران درآمدات میں نمایاں کمی
آئی اوردرآمدات کا حجم8.5فیصد کی کمی سے50 ارب 47 کروڑ ڈالر رہا۔جبکہ اس کے برعکس برآمدات کا حجم 21 ارب 33 کروڑ ڈالر رہا۔اس سے قبل مالی سال 19-2018 کے سات ماہ کے دوران برآمدات اور درآمدات پر کنٹرول کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 19.26 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا تھا۔مالی سال 19-2018 کے سات ماہ کے دوران 13 ارب 23 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔