لاہور(این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر 330کلو وزنی اور موٹاپے کا شکار صادق آباد کے رہائشی نور حسن کو آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے علاج کیلئے لاہور منتقل کر دیا گیا۔غیر معمولی وزن کے حامل نور حسن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی اپیل کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے اسے آرمی کے ہیلی کاپٹر پر لاہور منتقل کیا گیا۔نور حسن غیر معمولی موٹاپے کی بیماری کی وجہ سے حرکت نہیں کر سکتا اور ریسکیو اہلکاروں کو اسے باہر
نکالنے کیلئے گھر کا بیرونی دروازہ اور دیوار توڑ نا پڑی۔نور حسن کو لاہور کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ آپریشن کرنے والے سرجن ڈاکٹر معاذ الحسن نے کہا ہے کہ بیڈ کی فراہمی سمیت کچھ اخراجات ہسپتال برداشت کرے گا جبکہ چار سے پانچ لاکھ روپے کے اخراجات میں خو دبرداشت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے مریض کو ذہنی طو رپر تیار کرنا ہے اور آئندہ چند روز میں اس کا آپریشن کر دیا جائے گا،آپریشن کے ذریعے چھ مہینے میں اس کا 100کلو وزن کم ہو جائیگا اور آئندہ دو سال میں اس کا وزن معمول کے مطابق 90سے 100کلو کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں رسک اپینڈکس کے آپریشن جتنا ہوتا ہے اور جب ہم نور حسن کو آپریشن کے بعد گھر روانہ کریں گے تو میڈیا کو مدعو کیا جائیگا۔ ڈاکٹر معاذ الحسن نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ کے لوگ موٹاپے کا زیادہ شکار ہو رہے ہیں اور آپریشن کیلئے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سے قبل 360کلو وزن کے حامل شخص اور 200کلو وزن کے حامل بچے کا آپریشن بھی کر چکا ہوں اور فخر کی بات ہے کہ بیرون ممالک سے بھی لوگ آپریشن کیلئے پاکستان آرہے ہیں۔ نور حسن کیلئے نجی ہسپتال میں خصوصی کمرہ اور بیڈ تیار کیا گیا ہے۔