حیدرآباد(سی پی پی) سندھ کے شہر حیدرآباد میں ضلعی انتظامیہ نے اسپیشل افراد کو نوکری کے آرڈر اور انٹرویو کے لیے بلوا کر انسانیت سوز سلوک کیا، معذور افراد کے لیے نیچے انتظام کرنے کے بجائے تیسری منزل پر بلایا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حیدرآباد میں کئی سالوں کے احتجاج کے بعد کچھ افراد کا انٹرویو ہوا تھا اور کچھ اسپیشل افراد کو انٹرویو کا آسرا دیا گیا تھا،گزشتہ روزسب اسپیشل افراد کو بتایا گیا کہ ان کی لسٹیں آگئی ہیں اور کچھ افراد کے انٹرویوز ہونے ہیں تو بڑی تعداد میں معذور افراد ڈی سی آفس شہباز بلڈنگ پہنچے۔ معذور افراد کے لیے انتظامات نہ ہونے کے باعث سیڑھیوں سے چڑھ کر کوئی پہلی منزل تو توکوئی دوسری منزل پر پہنچا وہاں موجود لوگوں نے ان افراد کی مدد کی اور وہیل چیئر کو ہاتھوں کی مدد سے اوپر تک پہنچایا۔نوکری حاصل کرنے لیے کچھ معذور افراد اپنی مدد آپ کے تحت ہاتھوں اور پیروں سے زور لگاتے ہوئے اوپر کی منزل کے لیے چلے اور جب وہ اوپر چڑھے تو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر غائب تھے جبکہ انتظامیہ کے دیگر افراد نے ان کو بتایا کہ آج یہاں کوئی انٹرویو نہیں ہے اور نہ ہی کوئی لسٹیں جاری ہوئی ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ آپ لوگ اپنے اپنے ادارے کے کراچی آفس سے رابطہ کریں، جس کے بعد اسی طرح معذور افراد واپس سیڑھیوں سے مشکل حالات میں واپس آئے۔