لاہور( این این آئی )بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو پھانسی کے بعد چوبیس گھنٹوں کے لیے سر عام لٹکائے جانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں معصوم بچوں اور بچیوں سے زیادتی اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ قصور میں ہونے والے زینب زیادتی اور قتل کے انسانیت سوز واقعہ نے بھی وقتی طور پر تمام پاکستانیوں کو جھنجھوڑا لیکن ایسے واقعات تسلسل سے ہو رہے ہیں۔اسلام آباد میں معصوم فرشتہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا واقعہ بھی پاکستانی عوام کے لئے انتہائی تکلیف دہ اور اذیت کا باعث ہے۔ بچوں اور بچیوں سے زیادتی اور قتل جیسے گھنائونے واقعات کی مکمل روک تھام کے لئے وفاقی حکومت کو سخت سے سخت قوانین بنانے چاہئیں۔پاکستان بھر میں بچوں اور بچیوں سے زیادتی اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعات کی مکمل روک تھام ہونی چاہیے اس لئے انصاف کے حقیقی تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ایسے واقعات کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینی چاہیے۔اورایسے افراد کو عبرت کا نشان بنانے کے لئے ان کی لاشوں کو چوبیس گھنٹے چوک چوراہوں میں لٹکائے رکھا جائے۔مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے سے جلد از جلد قانون سازی کی جائے۔