لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں ایک بار پھر دوریاں پیدا ہو گئیں ،پیپلز پارٹی قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی بطور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی تقرر پر حمایت سے پیچھے ہٹ گئی ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت قومی اسمبلی کی سطح پر بغیر مشاورت فیصلوں کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) سے ایک بار پھر قدرے دوری اختیار کرتے ہوئے نظر آرہی ہے ۔
ایک روز قبل پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ نے حمزہ شہباز کی بطور قائدحزب اختلاف تبدیلی کی بات تھی اور اب بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پی اے سی کی چیئرمین شپ کیلئے بھی حمزہ شہباز کی غیر مشروط حمایت واپس لے لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کی پارلیمانی امور میںعدم دلچسپی کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے فیصلہ واپس لیا ہے ۔