اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)جاوید چوہدری نے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ چیئرمین نیب کا انکشاف میرے لیے حیران کن تھا ”مجھے میرے ایک عزیز کے ذریعے پیشکش کی گئی آپ نیب سے استعفیٰ دے دیں‘ آپ کوسینیٹر بنا دیا جائے گا اور آپ پھر کچھ عرصے بعد صدر پاکستان بن جائیں گے“ وہ خاموش ہو گئے‘ میں نے پوچھا ”آپ کو یہ آفر کس نے دی اور کب دی“وہ مسکرا کر بولے ”یہ میں آپ کو چند دن بعد بتاؤں گا“ میں نے اصرار کیا تو ان کا جواب تھا ”یہ پچھلی حکومت کے آخری فیز میں ہوئی تھی“۔میں نے پوچھا ”کیا یہ
واحد پیشکش تھی“بولے ”نہیں‘ مجھے اس سے پہلے بھی ایک پیشکش ہوئی تھی‘ مجھے کہا گیا تھا آپ مستعفی ہو جائیں‘ آپ دنیا میں جہاں کہیں گے آپ کو وہاں سیٹ کر دیا جائے گا“ میں نے پوچھا ”لیکن آپ کے استعفے سے کسی کو کیا فائدہ ہوتا؟“ وہ بولے ”میں اگر مستعفی ہو جاتا تو چیئرمین نیب کی کرسی خالی ہو جاتی‘الیکشن سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان شدید اختلافات تھے‘ دونوں میں نئے چیئرمین کےلئے اتفاق رائے نہ ہوپاتا اور یوں آج کے بے شمارمجرموں کے خلاف انکوائریاں رک جاتیں“۔