لاہور (این این آئی) ڈالر کی اڑان کنٹرول کرنے کیلئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی خدمات حاصل کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسبملی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ تبدیلی سرکار کا ایک اور کارنامہ ملکی تاریخ میں ڈالر کی قیمت 148 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور شنید ہے کہ ڈالر مزید اڑان بھرے گا جس سے مہنگائی کا سونامی عوام کو بہا لے
جائے گا، ملکی معیشت پہلے ہی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، ریاست مدینہ کے دعویداروں نے عوام سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے، ڈالر کی اونچی اڑان سے عوام کی قوت خرید جواب دے کر رہ گئی ہے، ہر چیز کو پر لگ گئے ہیں۔مہنگائی ہے کہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی اور ڈالر کو کنٹرول کرنے کے لیے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی خدمات حاصل کرے۔