کراچی( آن لائن )ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر 6 روپے 61پیسے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 148 کا ہو گیا ہے۔جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 147 روپے ہو گئی ہے۔
ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھا ئوکا سلسلہ جاری ہے تاہم معاشی تجزیہ نگاروں نے ڈالر کی قیمت کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔معاشی تجزیہ نگار وں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ الارمنگ صورتحال ہے۔جب کہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گا۔معاشی ماہرین نے حکومت کو موجودہ صورتحال پر واضح پالیسی بنانے کا مشورہ دے دیا ہے،معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر بے قابو ہو گیا ہے۔جب کہ دوسری جانب حکومت نے ڈالر مہنگا بیچنے والی کمپنیوں نے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ روپے کے مقابلے میں غیر ملکی کرنسیوں کی قدر میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس گذشتہ روز ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طے شدہ کرنسی ریٹ سے انحراف کرنے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ مارکیٹ سے زائد ڈالر فروخت کرنے والی ایکس چینج کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ای کیپ کے وفد نے یقین دہانی کروائی کہ مقررہ ریٹ سے زیادہ پر کرنسی فروخت کرنے والی کمپنیوں کا ساتھ نہیں دے گی۔ اجلاس میں ایمنسٹی سکیم کے تحت اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف مجوزہ کارروائی پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کی مارکیٹ قیمت خرید 143 روپے 50 پیسے جبکہ قیمت فروخت 144 روپے ہے ، اسی طرح سعودی ریال کی قیمت خرید 38 روپے 20 پیسے جبکہ قیمت فروخت 38 روپے 35 پیسے ہے .