اسلام آباد( آن لائن ) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ چینی شہریوں کے فراڈسے متعلق معاملہ سامنے آیا ہے، چینی شہریوں کے فراڈ سے متعلق غافل نہیں، چینی سفیر کو دفترخارجہ بلایاگیا اور معاملے پر بات ہوئی، ہم اس نتیجے پر پہنچے یہ معاملہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔
چینی قیادت عوامی معاملات پربہت حساس ہے۔وزیرخارجہ نے کہا سعودی عرب میں پاکستانی خاتون کومنشیات کیس میں سزا ہوئی، پاکستانی خاتون کی ایک بچی تھی جس کو بچاناترجیح تھی، بچی کواس کی خالہ کے گھر منتقل کرکے پاکستان لایاگیا، میاں بیوی کو منشیات کے کیس میں سزا ہوئی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہماری قونصلر سروسز میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، بیرون ملک سفارتخانوں کو اپنا رویہ بدلنے کا کہا ہے، وزارت خارجہ کونئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے زیادہ فائدہ ہوگا۔پاک ایران گیس لائن کے حوالے سے انھوں نے کہا پاک ایران گیس لائن منصوبہ معاشی طور پر مستحکم پروجیکٹ ہے، ہمیں ضرورت ہے اور ان کے پاس گیس بھی موجود ہے، ایران پر پابندیوں کی وجہ سے کوئی منصوبے کو فنڈ کو تیار نہیں، ہم ایران سے اس رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے بات کررہے ہیں۔وزیرخارجہ نے بھارتی وزیراعظم کے بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا بقول مودی راڈارنہیں چل رہے تھے ہم نے 2 طیارے مار گرائے، اگر راڈار چل رہے ہوتے تو مودی صاحب سوچیں کیا ہوتا۔