لاہور( این این آئی ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنر ل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ دہشتگر د کسی صور ت انسان کہلانے کے حق دار نہیں اور ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جانی چاہیے،سا نحہ داتا دربار کے متاثرین کے د کھ در د میں برا بر کے شریک ہیں۔
حکومت کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سے سکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے اگر مولانا فضل الرحمن کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشتگردی کرنے والے وحشی درندے ہیں،پاکستانی قوم امن دشمنوں کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادے گی، بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے عذاب الٰہی سے نہیں بچ سکیں گے ،دہشتگردی اورانتہاپسندی کیخلاف پاکستانی قوم کا عزم بہت مضبوط ہے ۔انہو ں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن امت مسلمہ کا سرمایہ او رعالم اسلام کے عظیم لیڈر ہیں ،حکومت نے ان سے سکیورٹی واپس لینے کا غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے ،مولانا فضل الرحمن کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی ،حکومت ذاتی مخالفت سے بالا تر ہوکر فوری طور پر مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی بحال کرے۔