کراچی (این این آئی) سال ماہ رمضان میں سب سے طویل روزہ روس کے علاقے مرمانسک میں ہوگا جبکہ پاکستان یہ دورانیہ 15 گھنٹے سے زیادہ ہو گا،محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ(آج) اتوار کو چاند نظر آنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں،
پہلا روزہ منگل کو ہی ہوگا۔محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق اگرچہ 29 شعبان کی شام چاند کی پیدائش ہو جائے گی لیکن انسانی آنکھ کی اس تک رسائی کے لیے ضروری عمر پوری نہیں ہوئی ہو گی۔رمضان المبارک کا چاند5مئی کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 03:45 پر پیدا ہو جائے گا اور اسے نظر آنے کے لیے 19 گھنٹے اور 21 منٹ کی عمر درکار ہو گی۔ اس لیے 6 مئی کی شام کے وقت چاند نظر آ جانے کے واضح امکانات ہیں۔پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج(اتوار)ہو گا، چاند نظر آنے کی صورت میں پہلا روزہ 6 مئی ورنہ 7 مئی کو ہو گا۔متحدہ عرب امارات سے شائع ہونے والے اخبار کے مطابق سعودی عرب، امریکہ اور یورپ میں 5 مئی کو چاند نظر آنے کا امکان ہے، اس لیے ان علاقوں میں 6 مئی کو رمضان المبارک کا آغاز ہو سکتا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان اور ایران میں 6 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں۔اس سال ماہ رمضان میں سب سے طویل روزہ روس کے علاقے مرمانسک میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 20 گھنٹے 45 منٹ تک ہو گا۔ اسی طرح مختصر ترین روزہ ارجنٹینا میں 11 گھنٹے کا ہو گا۔ پاکستان یہ دورانیہ 15 گھنٹے سے زیادہ ہو گا۔