اسلام آباد(این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق نیب راولپنڈی نے وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ ذرائع ابلاغ یوسف بیگ مرزا کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔دستاویز کے مطابق نیب نے یوسف بیگ مرزا کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا، اس کے ساتھ ہی نیب نے یوسف بیگ مرزا کو
بار بار ایم ڈی پی ٹی وی تعینات کرنے والی کمیٹی کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔خیال رہے کہ نیب تحقیقات کررہا ہے کہ یوسف بیگ مرزا 1998، 2003 اور 2010 میں کس طریقہ کار کے تحت ایم ڈی پی ٹی وی تعینات ہوئے۔دستاویزات کے مطابق یوسف بیگ مرزا پر 2 ارب روپے سے زائد خورد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے جبکہ نیب نے 1998 اور 2014 کے درمیان یوسف بیگ مرزا کو دیئے گئے فنڈز کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔