اسلام آباد (آن لائن) کارکے رینٹل پاور ریفرنس میں گرفتار سابق سیکریٹری پانی و بجلی شاہد رفیع وعدہ معاف گواہ بن گئے۔ چیئرمین نیب کے بعد احتساب عدالت نے بھی ملزم کی وعد ہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کر لی۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کورٹ روم نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک نے کارکے رینٹل پاور ریفرنس میں سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کر لی ہے۔ شاہد رفیع نے عدالت کو بتایا کہ وہ اعترافی بیان ریکارڈ کرانے اور
حقائق بتانے کو تیار ہیں۔ وہ ملزمان راجہ پرویز اشرف اوربابر ذوالقرنین کے خلاف بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم لئیق احمد نے دوران تفتیش کچھ انکشافات کیے ہیں۔ ملزم کے مطابق بیٹی رابعہ لئیق کے ذریعے راجہ ذولقرنین سے 1 ملین یو ای اے درہم لیے ہیں۔ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے راجہ پرویز اشرف اور دیگر کے خلاف ساہو وال رینٹل پاور ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے نیب کو مہلت دیتے ہوئے سماعت 14 مئی تک ملتوی کر دی۔