کراچی(این این آئی)جامعہ کراچی میں شعبہ ابلاغ عامہ کے دو اساتذہ کی طرف سے طالبات کو ہراساں کرنے کا الزام سامنے آیاہے۔طالبات کے مطابق اساتذہ کی طرف سے انہیں بلاوجہ کمرے میں بلایا جاتاہے۔اساتذہ کی طرف سے یہ معاملہ کئی مہینوں سے چل رہاہے۔طالبات نے الزام لگایا کہ اساتذہ کمرے میں بلانے کے بعد اس کا دروازہ بند کردیتے تھے۔متاثرہ طالبات نے بتایاکہ اساتذہ کی جانب سے اسٹوڈنٹس کو بلاضرورت موبائل پر پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔طالبات نے اساتذہ کیخلاف وائس چانسلر کو تحریری طور پر بھی آگاہ کردیاہے۔
متاثرہ طالبات کی جانب سے وی سی کو دی گئی درخواست کے ساتھ ثبوت بھی منسلک کئے گئے ہیں۔جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے اس ضمن میں بتایاکہ طالبات کی جانب سے تحریری درخوا ست موصول ہوئی ہے۔طالبات کے معاملہ پر انتظامیہ نے جامعہ کی انضباطی اور ہراسمنٹ کمیٹی کا اجلاس آج(جمعہ)طلب کر لیا ہے۔جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے مطابق انضباطی کمیٹی اور ہراسمنٹ کمیٹی اجلاس میں معاملے کا جائزہ لے گی۔شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ نے طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعہ پر موقف دینے سے انکار کردیا۔