اسلام آباد (این این آئی)رمضان المبارک 1440ھ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5مئی بروز اتوار بمطابق 29شعبان المعظم کی شام بوقت نماز مغرب طلب کر لیا گیا ہے۔محکمہ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 5مئی بروز اتوار کی شام بوقت نماز مغرب میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہو گا جس کی صدارت روئت ہلال کمیٹی کے مرکزی چیئرمین مفتی منیب الرحمن کریں گے جبکہ زونل روئت ہلال
کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ، پشاور وغیرہ میں ان کے مقررہ مقامات پر منعقد کئے جائیں گے جس میں رمضان المبارک کے چاند کی روئت کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے موصول شدہ شہادتوں اور روئت ہلال کمیٹی کے ممبران کے فیصلہ کے مطابق مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن میڈیا پر چاند کی رویت اور رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے آغاز کے بارے میں اعلان کریں گے۔