کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سنیٹر مولابخش چانڈیو نے وزیراعظم کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ خان صاحب سوال کرنے کا وقت گیا یہ وقت جواب دینے کا ہے،نو ماہ سے ایک ہی راگ آلاپ رہے ہیں، جناب بتائیں آپ نے کیا کیا ہے۔خان صاحب آپ کا احتساب سے کوئی واسطہ نہیں آپ انتقام پر تلے ہیں،اب آپ اپوزیشن کو گالیاں دے کر اور
الزامات لگا کر قوم کی توجہ نہیں ہٹا سکتے،خان صاحب آپ کو گرانے کی ضرورت نہیں آپ اپنے وعدوں کے بوجھ سے خود گرنے والے ہیں۔بدھ کو جاری ردعمل میں انہوں نے کہاکہ آپ نے جس نیب کو اپوزیشن کے پیچھے لگا لیا ہے وہ اپوزیشن سے سوال پوچھ رہی ہے،آپ قوم کے سوالوں کا جواب دیں کہ آپ نے نو ماہ میں تقریروں کے علاوہ کیا کیا۔مولابخش چانڈیونے کہاکہ خان صاحب بتائیں کہ آپ نے کب کہاں اور کس سے قرضہ لینے سے انکار کیا۔قرضہ ملنے کی خوشخبری سنا رہے ہیں، آپ نے تو خودکشی کو ترجیح دینے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ کہاں گئی وزیراعظم ہاؤس میں بننے والی یونیورسٹی ؟،بھینسیں اور کاریں بیچ کر معیشت کتنی بہتر ہوئی ہے؟، قوم کوبتائیں۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ کہاں گیا آپ کا نجات دہندہ اسد عمر آپ نے اسے کیوں ہٹا دیا؟،کرپشن کا آغاز خود سے کرنا تھا تو پھر کیوں اپنوں کو احتساب سے دور رکھا ہوا ہے؟۔ بتائیں کب اور کہاں آپ بغیر کسی پروٹوکول کے گئے؟،خان صاحب آپ کا احتساب سے کوئی واسطہ نہیں آپ انتقام پر تلے ہیں،اب آپ اپوزیشن کو گالیاں دے کر اور الزامات لگا کر قوم کی توجہ نہیں ہٹا سکتے،خان صاحب آپ کو گرانے کی ضرورت نہیں آپ اپنے وعدوں کے بوجھ سے خود گرنے والے ہیں۔