بیجنگ(این این آئی) پاکستانی خلانوردوں کو خلا میں بھیجنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پاکستانی اور چینی خلانوردوں کو مشترکہ طور پراب خلائی مشن پر بھیجا جائے گا اور چین پاکستان کی خلائی تحقیق میں مدد و تعاون فراہم کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی خلائی تحقیق کے قومی ادارے سی این ایس اے کے جاری کردہ ایک بیان میں کہاگیاکہ معاہدے سے دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے
معاہدے پر چین اور پاکستان کے خلائی تحقیق کے اداروں کے سربراہان نے دستخط کیے۔معاہدے کے مطابق دونوں ممالک مل کر سائنسی اور تیکنیکی ترقی کے تجربات کریں گے اور خلابازوں کی تربیت کے ساتھ خلانوردوں اور خلائی مشنز کو خلا میں بھیجنے کے سلسلے میں مشترکہ طور پر تعاون کریں گے۔چین کا خلائی تحقیقی ادارہ سی این ایس اے اور پاکستان کا خلائی تحقیقی ادارہ سپارکو، چین پاکستان اسپیس کمیٹی تشکیل دیں گے جس کی سربراہی خلائی اداروں کے سربراہان کریں گے۔