لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے کالا باغ ڈیم نہ بنانے کے خلاف دائر درخواست میں وزیراعظم کو فریق بنانے کی متفرق درخواست پر سرکاری وکیل کو وفاقی حکومت سے ہدایات لے کر جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کالا باغ ڈیم تعمیر نہ ہونے سے ملک پانی کی شدید قلت ہے ، زمین بنجر اور دریا بے قابو ہو کر سیلاب کا سبب بن رہے ہیں۔بجلی کی مطلوبہ پیداوار حاصل نہ ہونے سے صنعتیں بند اور
مزدور بے روزگار ہورہے ہیں۔ ہائیکورٹ وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتوں کو اقدامات کا حکم دے چکی ہے لیکن وزیراعظم اور چاروں صوبائی وزرائے اعلی عدالت کے حکم کے باوجود کارروائی نہیں کررہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ فاضل عدالت وزیر اعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے اوردرخواست میں وزیر اعظم عمران خان کو فریق بنانے کا حکم دے ۔