لاہور (آن لائن) پاکستا ن ریلویز نے موسم گرما میں ٹرینوں کے نئے ٹائم ٹیبل کا اعلان کر دیا ہے جو 15اپریل 2019سے لاگو ہو گا۔نئے ٹائم ٹیبل میں 11ٹرینوں کو نئے سٹاپ دئیے گئے جبکہ 4ٹرینوں کے سٹاپ ختم کیے گئے۔ اپ اور ڈاؤن کی 16ٹرینوں کے سٹاپیج کو مستقل کیا گیا۔
اس ٹائم ٹیبل میں کوٹری۔روہڑی کے درمیان موہنجودوڑو پسنجر ٹرین ، روہڑی۔خانپور کے درمیان روہی پسنجر ، کراچی۔ دھابیجی کے درمیان دھابیجی ایکسپریس ، دھابیجی۔میر پور خاص کے درمیان شاہ عبدالطیف ایکسپریس ، کراچی۔سکھر کے درمیان سندھ ایکسپریس ، ملتان۔فیصل آباد کے درمیان فیصل آباد ایکسپریس ، کراچی پشاور کے درمیان رحمان بابا ایکسپریس ، ملتان۔راولپنڈی کے درمیان تھل /میانوالی ایکسپریس اور لاہور۔کراچی کے درمیان جناح ایکسپریس کے نام سے کل 9 نئی ٹرینیں متعارف کرائی گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ 13ٹرینوں کے روانگی کے اوقاتِ کار ر ی شیڈول کر دیئے گئے ہیں۔ 2ٹرینوں کے سٹاپیج ٹائم کو کم کیا گیا جبکہ خوشحال خاں خٹک ایکسپریس (19UP/20DN)کاجیکب آباد سٹاپ 35 منٹ سے بڑھا کر 40 منٹ کردیاگیاہے۔ اس کے علاوہ اکبر ایکسپریس (23UP/24DN)کا روہڑی ریلوے اسٹیشن پر 25 منٹ سے بڑھاکر 30 منٹ کردیاگیاہے۔ پاک بزنس ایکسپریس کا نمبر (303UP/304DN)سے تبدیل کرکے (33UP/34DN) کردیاگیاہے۔ زیادہ تر نئی ٹرینیں اْن علاقوں میں چلائی گئی ہیں جہاں غریب عوام کو آمدورفت کی قلیل سہولیتں دستیاب تھیں۔ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک زبیر شفیع غوری نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی باقاعدہ منظوری کے بعد پاکستان ریلوے کا موسمِ گرما کے لیے نیا ٹائم ٹیبل جاری کردیاہے۔